محمد تسکین
رام بن// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر مگرکوٹ کے قریب ایک کار حادثے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر رام بن میں واقع مگرکوٹ علاقے میں ایک گاڑی سڑک سے لڑھک کر کھائی میں جا گری جس کے بعد مقامی لوگوں، رضاکاروں اور پولیس نے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہے جبکہ چار زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ حادثے کا شکار گاڑی سرینگر کی جانب جا رہی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام افراد سیاح تھے اور مہاراشٹر سے آئے تھے۔
زخمیوں کی شناخت نیہا (عمر 35 سال)، امان (عمر 36 سال)، منیشا (عمر 40 سال)، اور میگھنا (عمر 35 سال) کے طور پر ہوئی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی ابھی شناخت نہیں ہو سکی۔
ادھر، پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔