عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کے تحصیل صدر مقام منڈی میں یاسین اسلامیہ ہائر سکنڈری سکول میں یوم تاسیس اور سائنسی نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں پچیس راشٹریہ رائفلز کے میجر ساہل چوہدری مہمان خصوصی کے طور پر شامل ہوئے ۔اس موقع پر نرسری تا پہلی کلاس کے طلباء و طالبات نے ثقافتی اور قومی پروگرام پیش کئے اور سامعین سے داد و تحسین حاصل کی ۔سکول کے ننھے ننھے بچوں نے مختلف موضوعات پر تقاریر اور تمسیلی موضوعات بھی پیش کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر ساہل چوہدری نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ جسے یہ تقریب دیکھنے کا موقع ملا جس میں سکول کے طلبا نے سائنسی نمائش میں بہترین ماڈلز پیش کئے ۔ان کا کہنا ہے کہ منڈی جسے دور دراز علاقہ کے بچوں کا تعلیمی معیار اتنا اچھا ہے جو شہر کے کسی بھی طالب علم سے مقابلہ کرنے کے اہل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سکول کے تمام اساتذہ اور بچوں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں جنہوں نے اتنا اچھا پروگرام پیش کیا۔ اس موقع پر سکول کے پرنسپل مسٹر ہارس نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سکول کے یوم تاسیس کے موقع پر چھوٹی کلاسوں کے بچوں نے تعلیمی پروگرام پیش کئے اور بڑی کلاسوں کے بچوں نے سائنسی نمائشی کے حوالے سے ماڈلز بنا کر پیش کئے جس سے بچوں کے تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ دوسری صلاحیتوں کا بھی مظاہرہ ہوا ۔انہوں نے کہا کہ وہ بچوں کے والدین کے ساتھ ساتھ آرمی کے آفسران کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے تقریب میں شامل ہو کر بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔