عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//میرواعظ عمر فاروق نے جمعہ کے روز کہا کہ وہ برکس سربراہی اجلاس میں وزیر اعظم مودی کے ان ریمارکس سے اتفاق کرتے ہیں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ موجودہ دور جنگ کا نہیں ‘مکالمہ اور سفارت کاری کا ہے۔جامع مسجد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، میرواعظ نے یاد دلایا کہ حریت کانفرنس 1993 میں تشکیل دی گئی تھی، اور اس کے “اعلان میں واضح طور پر کہا گیا تھا کہ یہ کشمیر کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے، اور تیس سال بعد بھی یہ نقطہ نظر جوں کا توں ہے۔”میرواعظ نے کہا کہ خود پی ایم مودی نے برکس سربراہی اجلاس میں بھی بات چیت اور سفارت کاری کے بارے میں بات کی ہے کہ تنازعات کو حل کرنے کا ذریعہ بات چیت ہے نہ کہ جنگ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا”حریت نے واجپائی ، منموہن سنگھ اور مشرف سے بات کی اور نئی دہلی میں موجودہ حکومت کے ساتھ مشغول ہونے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔انہوں نے کہا’’ کشمیر میں بہت زیادہ خونریزی ہوئی ہے اسے جاری رکھنے کی اجازت نہیں ہے‘‘۔میرواعظ نے کہا کہ گگن گیر میں حالیہ ہلاکتیں “انتہائی چونکا دینے والی اور پریشان کن” ہیں۔گلمرگ حملے کے بارے میں، انہوں نے کہا کہ یہ معاملات “بہت سنگین ہیں اور یہ بڑھ سکتے ہیں اور ان کی تحقیقات ہونی چاہیے۔”