عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کے تحصیل صدر مقام منڈی سے ساوجیاں کو جانے والی پندرہ کلو میٹر سڑک گزشتہ کافی عرصہ سے خستہ حال ہے اور اس پر روزانہ سفر کرنے والے مسافروں اور گاڑی کے مالکان کو بھی سڑک کی خستہ حالت کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔منڈی تا ساوجیاں سڑک جو کہ تعمیراتی ایجنسی پی ایم جی ایس وائی کے پاس ہے جنھوں نے گزشتہ دو سال سے اس سڑک کی طرف کوئی بھی نظر ثانی نہیں کی اور سڑک پر پندرہ کلومیٹر پر جگہ جگہ کھڈے پڑے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس حوالے سے متعدد لوگوں نے درجنوں بار انتظامیہ کے نوٹس میں بھی لایا مگر ابھی تک اس سڑک پر کسی بھی طرح کی تعمیر نہیں کی گئی مشتاق احمد نامی ایک مسافر نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو برس سے اس سڑک کی حالت بہت خراب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑک پر جگہ جگہ بڑے بڑے کھڈے پڑے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے عام مسافروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں بیس منٹ کا سفر ایک گھنٹے کے زائد وقت میں طے کرنا پڑتا ہے وہیں سڑک کی خستہ حالت کو لیکر ڈرائیور لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کی نئی گاڑیاں اس سڑک پر چلتے چلتے خراب ہوتی جارہی ہیں ۔اس سڑک پر سفر کرنے والے لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اس سڑک کی حالت کو ٹھیک کیا جائے اور جلد از جلد تارکول بھی بچھائی جائے تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔رابطہ کرنے پر ایگز یکٹو انجینئر پی ایم جی ایس وائی جاوید اقبال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سڑک کی مرمت کے حوالے سے متعلقہ ٹھیکیدار سے بات چل رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد خستہ حال سڑک کی مرمت کی جائے گی۔