یو این آئی
نئی دہلی/ ہندوستان نے جمعرات کو دوسرے ہاکی میچ میں جرمنی کو 5-3 سے شکست دے کر پہلے میچ کا بدلہ لے لیا۔ جیت کے باوجود ہندوستان کو مایوسی ہوئی جب ہندوستانی ٹیم پینلٹی شوٹ آؤٹ میں 3-1 سے شکست کھا گئی اور جرمنی نے سیریز 2-0 سے جیت لی۔ آج یہاں کے میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں ہندوستانی ہاکی ٹیم پہلے میچ میں جرمنی سے 2-0 سے ہارنے کے باوجود نئے جوش و جذبے کے ساتھ میدان میں اتری۔ میچ کا پہلا گول جرمنی کی طرف سے پہلے کوارٹر میں ہوا جب ماجکور نے ہندوستانی دفاع میں گھسنے کے بعد گول کیپر کو چھکاتے ہوئے اور گول کر کے اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلا دی۔ اس کے بعد دوسرے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں لیکن تیسرے کوارٹر میں ہندوستانی ٹیم نے زبردست واپسی کی اور 34ویں منٹ میں پہلا گول کرکے اسکور 1-1 سے برابر کردیا۔ گول نے ہندوستانی ٹیم کے حوصلے بلند کردئے اور انہیں 42ویں منٹ میں پنالٹی کارنر ملا جسے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے گول میں تبدیل کرکے ٹیم کو 2-1 کی برتری دلا دی۔ ہندوستان کو کپتان کے گول کے بعد اگلے ہی منٹ میں ایک اور پنالٹی کارنر ملا اور ہرمن پریت سنگھ نے دوبارہ گول کرکے ٹیم کو 3-1 کی برتری دلادی۔ تیسرے کوارٹر کے آخری لمحات میں ابھیشیک نے فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی اور 45 منٹ کے کھیل کے بعد ہندوستانی ٹیم 4-1 سے آگے تھی۔ چوتھے کوارٹر کے آغاز میں تین منٹ کے بعد سکھجیت نے جرمن گول کیپر کو مکمل طور پر چکما دیتے ہوئے گول کر دیا اور ہندوستانی ٹیم کی برتری 5-1 ہوگئی، لیکن جرمن ٹیم نے آخری 10 منٹ میں اپنے مضبوط کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس نے دو گول کیے لیکن ہندستانی ٹیم کی برتری کو برابر کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی اور ہندستانی ٹیم نے یہ میچ 5-3 سے جیت لیا۔ ہندوستان کی جانب سے سکھجیت سنگھ (34ویں اور 48ویں منٹ میں)، ہرمن پریت سنگھ (42ویں اور 43ویں منٹ میں) اور ابھیشیک (45ویں منٹ میں) نے گول کئے ۔ ہاکی کی عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود جرمنی کے لیے الیان ماجکر (7ویں اور 57ویں منٹ میں) اور ہینرک میرٹجینس (60ویں منٹ میں) نے گول داغے ۔ میچ کے بعد سیریز کے فاتح کا فیصلہ کرنے کے لیے پینلٹی شوٹ آؤٹ میں ہندوستانی ٹیم کو 3-1 سے شکست ہوئی اور جرمنی نے سیریز 2-0 سے جیت لی۔