حسین محتشم
پونچھ//ایم ایل اے پونچھ اعجاز احمد جان نے بدھ کو راجہ سکھدیو سنگھ ضلع ہسپتال پونچھ کا دورہ کیا۔اس دورہ کے دوران انہوں نے ضلع ہسپتال کی مختلف وارڈوں اور اپریشن تھیٹر کا جائزہ لیا اور وہاں پر زیر علاج مریضوں سے بھی ملاقات کر کے ان کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے جانکاری حاصل کی۔انہوں نے ضلع ہسپتال پونچھ میں ہی ڈاکٹروں اور دیگر عملہ کے ساتھ ایک میٹنگ بھی منعقد کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کر کے اہم ہدایات جاری کی۔اس موقع پر چیف میڈیکل افیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور میڈیکل سپرنا ٹینڈنٹ ڈاکٹر شہناز بھٹی نے موصوف کو ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے تفصیلات بتائیں۔اس دوران اعجاز جان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کو ہسپتال میں آ کر خوشی ہوئی کہ یہاں کا نظام کافی حد تک ٹھیک ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ابھی بھی بہت ساری کمیاں ہیں جن کو ختم کرنے کیلئے وہ اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان کی سابقہ حکومت نے ضلع ہسپتال پونچھ میں بچوں کی تربیت کے لئے ایک سکول قائم کیا تھا جس کی ابھی تک اپنی عمارت نہیں بن پائی ہے وہ کوشش کریں گے کہ اس سکول کے لئے ایک اچھی سی عمارت تعمیر ہو۔انہوں نے کہا کہ ایمبولینسوں کی کمی کی وجہ سے بھی لوگوں کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کوشش کریں گے کہ جلد سیبجلد یہاں ایک دو ایمبولینس دی جائیں۔انہوں نے کہا پونچھ میں عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کی۔