حسین محتشم
پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام سے دیگوار،گلپور، کھڑی،کھڑی درمسال،چکاں دا باغ اور دیگر علاقہ جات کو جوڑنے والا مادر مہربان پل ایک بار پھر سے خستہ حالی کا شکار ہو رہا ہے۔اس پل پر ایک طرفہ گاڑی چلنے کی گنجائش ہے لیکن دونوں طرف سے گاڑیاں چلتی ہیں جس کی وجہ سے پل پر بنائے گئے فٹ پاتھ پر گاڑیوں کے ٹائر چڑھائے جاتے ہیں اور ان کی وجہ سے فٹ پاتھ کو ازحد نقصان پہنچ رہا ہے اور پل کو بھی نقصان ہو رہا ہے۔غیر سرکاری تنظیم سماج سیوا سوسائٹی کے چیئرمین جوگل کشور شرما نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مطالبہ کے بعد پچھلے سال اس پل کی مرمت کی گئی تھی لیکن صحیح طریقے سے دیکھ ریکھ اور حفاظت نہ ہونے کی وجہ سے اس کی حالت پھر سے خستہ ہوتی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پل جس پر ایک گاڑی چلنے کی گنجائش ہے اس پر کئی کئی گاڑیاں چڑھائی جاتی ہیں جس کی وجہ سے پل پر بنائے گئے فٹ پاتھ کی خستہ حالت ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا حفاظت کے حوالے سے یہ پل نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ پل سرحدوں تک پہنچنے کا واحد ذریعہ ہے اس کے باوجود اس پر حفاظتی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل سے اپیل کی کہ وہ خصوصی طور پر مداخلت کر کے اس پل کی مرمتی کروائیں اور اس کی حفاظت کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو خدشہ ہے کہ اس پل کو از حد نقصان ہو جائے گا۔