جاوید اقبال
مینڈھر// مینڈھر میں واقع گورنمنٹ ہائراسکینڈری سکول گلی کالابن میں زیر تعلیم طلبا ء اور ان کے والدین نے حکام سے اپیل کی ہے کہ اس سکول کو سرمائی زون کے دائرے میں لایا جائے۔اس سکول میں نہ صرف مینڈھر بلکہ سرنکوٹ اور پونچھ کے کچھ علاقوں سے تعلق رکھنے والے چار سو طلاب بھی زیر تعلیم ہیں جن کو سردیوں کے موسم میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔کالابن ایک دشوار گزار علاقہ ہے جہاں سردیوں میں شدید سردی اوربرفباری ہوتی ہے جس دوران سکول آناجانا مشکل ہوجاتا ہے۔طلبا کا کہنا ہے کہ موسمی صورتحال اس بات کا تقاضہ کرتی ہیں کہ یہ سکول ونٹرزون کے تحت ہو اور سردیوں کے مہینوں میں اس سکول میں تعطیلات ہوں لیکن اس کے برعکس یہاں گرمیوں میں تعطیلات ہوتی ہیں اور سردیوں میں یہ سکول کھلا رہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ سرکاری سکول ایک اونچائی والی پہاڑی پر قائم ہے جس کی وجہ سے سردیوں کے دوران اس میں تعلیمی سرگرمیاں بحال رکھنا انتہائی مشکل ہو جا تا ہے اور بچوں کو وقت بھی ضائع ہو تا ہے ۔ انہوں نے وزیر تعلیم اور وزیر اعلیٰ سے اس سلسلے میں مداخلت کرنے کی مانگ کی۔ اِس سلسلہ میں محمد نثار چچی نے بتایا کہ موسمی حالات کو لے کر دیکھا جائے یہ سکول بالکل ایک پہاڑی کے اْوپر واقعہ ہے اور سردیوں کے موسم میں ٹھنڈی ہواوں کے بیچ نہ بچے سکول جا سکتے ہیں اور نہ تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔مقامی لوگوں اور بچوں کے والدین نے جموں وکشمیر یوٹی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ بچوں کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے اس سرکاری سکول میں سرمائی زون کے زیر تحت لانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں ۔