سرینگر// انجمن اردو صحافت کی ایک اہم میٹنگ بدھ کے روز صدر ریاض ملک کی زیر صدارت منعقد ہوئی، جس میں انجمن کے امور اور صحافت سے متعلق معاملات پر غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کے دوران انجمن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور اسے اطمینان بخش قرار دیا گیا۔
میٹنگ میں 9 نومبر کو سرینگر میں عالمی یوم اُردو کے موقع پر سالانہ تقریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ اس تقریب میں اردو صحافت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے صحافیوں کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔ رواں سال کی تقریب میں 5 خصوصی ایوارڈز دیے جائیں گے، جن میں سے 2 بعد از مرگ صحافیوں کو جبکہ ایک صحافت کے اُستاد کو دیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران اِس بات کا اعادہ کیا گیا کہ اُردو صحافت کے ان عظیم ناموں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جنہوں نے ماضی میں اپنی جانوں کی قربانی دے کر اس میدان میں شمع کو روشن رکھا۔
انجمن اُردو صحافت کی اہم نشست، عالمی یومِ اُردو پر تقریب کا اعلان
