عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بم کی دھمکی ملنے سے منگل کی شام انڈیگو کی ایک پرواز میں تاخیر ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ سرینگر ایئرپورٹ سے جموں جانے والی انڈیگو فلائٹ 6E 214 کو شام 7 بجے روانہ ہونا تھا، لیکن بم کی جھوٹی دھمکی کے باعث پرواز میں معمولی تاخیر ہوئی۔ذرائع کے مطابق، ’’دھمکی موصول ہونے کے بعد سیکورٹی پروٹوکول کو فعال کر دیا گیا اور پرواز کو کچھ وقت کے لیے موخر کر دیا گیا۔ تاہم سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے مکمل تفتیش کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ یہ دھمکی بے بنیاد تھی‘‘۔سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر معمول کی پروازیں بحال ہو چکی ہیں، اور تمام طے شدہ پروازیں شیڈول کے مطابق چل رہی ہیں۔ ہوائی اڈہ انتظامیہ اس جعلی کال کی تحقیقات کر رہی ہے۔