عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) نے باقاعدہ طور پر مغل روڈ کا انتظام سنبھال لیا ہے، جو کشمیر وادی کو جموں صوبہ کے پونچھ اور راجوری اضلاع سے ملانی والی اہم شاہراہ ہے۔ اس سٹریٹجک اقدام کا مقصد اس روٹ کے انتظام اور دیکھ بھال کو بہتر بنانا ہے، جو جموںسرینگر قومی شاہراہ کا ایک اہم متبادل ہے۔ مغل روڈ، جو 84 کلومیٹر طویل ہے، پیر پنجال پہاڑی سلسلے سے گزرتا ہے اور دونوں علاقوں کے مسافروں کے لیے ایک مختصر راستہ فراہم کرتاہے۔ یہ روایتی جموںسرینگر قومی شاہراہ کے مقابلے میں سفر کے وقت کو نمایاں طور پر کم کرتی ہے۔ اس سڑک کی تاریخی اور سٹریٹجک اہمیت بھی ہے، اور یہ تجارت اور آمد و رفت کے لیے ایک اہم رابطہ ہے، خاص طور پر اس وقت جب موسم کی خرابی کی وجہ سے قومی شاہراہ بند ہو جاتی ہے۔ مغل روڈ کا انتظام سنبھالنے کے بعد، بی آر او کا مقصد اس کی بہتر دیکھ بھال کو یقینی بنانا اور بنیادی ڈھانچے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ خاص طور پر سخت سردیوں کے دوران ،جب برف باری کی وجہ سے سڑک کی رسائی میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ بہتر دیکھ بھال سے نہ صرف شہری ٹریفک بلکہ سیکورٹی فورسز کی نقل و حرکت بھی آسان ہو جائے گی، جس سے کشمیر اور جموں کے دیگر حصوں کے درمیان رابطہ مضبوط ہوگا۔