عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //جموں کشمیر پولیس نے گذشتہ چند روز سے چھانہ پورہ اور صنعت نگر علاقوں میں دودھ گنگا نالہ کے کناروں پر کھڑی بھنگ سے چرس نکالنے والے نوجوانوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی ہے۔منی کالونی اور ہائوسنگ کالونی چھانہ پورہ میں دودھ گنگا بنڈ سائیڈ پر کھڑی بھنگ سے ہر روز درجنوں کی تعداد میں نوجوان چرس جمع کرنے میں مصروف رہتے ہیں۔ اسی طرح کی سرگرمی صنعت نگر بنڈ کی طرف بھی ہوتی ہے۔چھانہ پورہ پولیس کو جب مقامی لوگوں نے اس بارے میں مطلع کیا توکچھ روز قبل انہوں نے دن دھاڑے بنڈ پر چھاپہ مارا اور کچھ نوجوانوں کو گرفتار کیا جو چرس حاصل کررہے تھے۔جن نوجوانوں کو دھر لیا گیا انکی عمر 25سال سے کم تھی۔معلوم ہوا ہے کہ ان میں زیادہ تر سکولی طلباء تھے۔ اتوار کی دوپہر پولیس نے ایک بار پھر چھانہ پورہ بنڈ پر چھاپہ مارا اور ایک 21سالہ نوجوان کو دھر لیا، تاہم اسکا ساتھی گاڑی میں فرار ہوگیا۔پولیس نے یہاں جمع مقامی لوگوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بنڈ کے کنارے کھڑی بھنگ سے چرس بر آمد کرنے کیلئے نوجوانوں کی بڑی تعداد یہاں کا رخ کررہی تھی جس کے خلاف کریک ڈائون شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن نوجوانوں کو دھر لیا گیا ہے ان کے توسط سے منشیات استعمال و فروخت کرنے والے کچھ سرغنوں کی نشاندہی ہونے والی ہے، جنہیں جیل بھیج دیا جائیگا۔انکا کہنا ہے کہ منشیات کا قلع قمع کرنے میں پولیس اسی طرح کی کارروائیاں عمل میں لائے گی اور منشیات استعمال و فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرے گی۔ تاہم مقامی لوگوں نے اس بات کا شکوہ کیا کہ تھانہ صدر کی جانب سے صنعت نگر بنڈ کی جانب اس طرح کی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ صنعت نگر بنڈ سائیڈ پر بھی چرس کے عادی کم عمر نوجوان، حتیٰ کہ وردی پہنے سکولی بچے ہوتے ہیں، جو بغیر کسی خوف کے چرس نکالنے کی کارروائی انجام دیتے ہیں۔