یو این آئی
بیروت //حماس نے اپنے سربراہ یحییٰ سنوار کی اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ میں ہلاکت کی تصدیق کردی۔غزہ میں حماس کے نائب سربراہ اور چیف مذاکرات کار خلیل الحییٰ نے جمعے کو ایک بیان میں یحیٰ سنوار کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت سے قبل کے آخری لمحات کی وڈیو جاری کردی، صہیونی حکام کا دعویٰ ہے کہ وڈیو میں دکھائی گئی تباہ حال عمارت میں موجود صوفے پر بیٹھی شخصیت یحییٰ سنوار ہیں۔اسرائیلی حکام کی جاری کردہ وڈیو فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چھوٹا اسرائیلی ڈرون جیسے ہی عمارت میں داخل ہوا اور صوفے پر بیٹھے یحییٰ سنوار کے قریب گیا تو انہوں نے اپنے ہاتھ میں موجود چھڑی اس پر پھینکی۔اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ایک سال سے زائد عرصے سے پوری شدت سے یحییٰ سنوار کی تلاش میں سرگرداں صہیونی فوجی بدھ کو جھڑپ میں ان کی شہادت کے بعد ابتدائی طور پر اس بات سے لاعلم تھے کہ وہ اپنے نمبر ایک دشمن پر قابو پاچکے ہیں۔