عظمیٰ نیوزسروس
سانبہ//ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ راجیش شرما نےگگھوال سے بڑی براہمنا تک قومی شاہراہ پر جاری کام کا معائینہ کیا اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے اور آسان سفر کی سہولیت کے لئے بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جگدیش سنگھ ، ٹریفک پولیس حکام اور نیشنل ہائی ویز اَتھارٹی آف اِنڈیا (این ایچ اے آئی) کے نمائندوں کے ساتھ شاہراہ کی بحالی اور تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ کام کی رفتار کو تیز کریں، اہم حصوں کو ترجیح دیں اور اِس بات کو یقینی بنائیں کہ سڑک کو اعلیٰ معیار پر برقرار رکھا جائے۔اُنہوں نے معائینے کے دوران ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ ڈائورژن پر واضح سائن بورڈز لگائیں، گڑھوں کو فوری طور پر دور کریں اور مسافروں کی سہولیت کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کریں۔ مختلف مقامات پر فلائی اوور کی تعمیر کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔اُنہوں نے تعمیراتی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اور منصوبہ بند طریقے سے کام مکمل کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنرسانبہ نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کی حفاظت اوّلین ترجیح ہونی چاہئے اور سفری رُکاوٹوں کو کم کرنے کے لئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔