عظمیٰ نیوزسروس
کٹراہ //مویشی سمگلنگ کے خلاف ریاسی کے کٹرا ہ کے سرواد میں مقامی لوگوں نے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ایک گاڑی جس کا رجسٹریشن نمبر JK14K 0729 مبینہ طور پر مویشیوں کو لے کر جا رہا تھا تحصیل کٹرہ کے علاقے بٹن میں ایک گھاٹی میں جا گری۔حادثے میں تین گائے کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور دو زخمی ہو گئے۔مظاہرین نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگ زخمی مویشیوں کو بچانے کے لیے موقع پر پہنچ گئے جبکہ ریاسی کے کٹرا پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی، ڈرائیور کو اپنی تحویل میں لے کر اس سلسلے میں تفتیش شروع کردی۔مقامی لوگوں نے جمعرات کی شام سرواد کٹرا میں مین روڈ پر ٹائر جلا کر شدید احتجاج کیا اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔بعد ازاں ایس ڈی پی او کٹرہ اور ایس ایچ او کٹرہ موقع پر پہنچ گئے اور ان کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کرایا گیا۔