اسمبلی میں 5ایم ایل ایز کی نامزد گی

Mir Ajaz
2 Min Read

عظمیٰ نیوز سروس

جموں//جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کی ایک خصوصی ڈویژن بنچ اگلے ہفتے اس درخواست کی سماعت کرے گا جس میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے پاس پانچ ممبران کو یونین ٹیریٹری کی قانون ساز اسمبلی کے لیے نامزد کرنے کے اختیار کو چیلنج کیا گیا ہے۔درخواست گزار رویندر شرما نے کہا کہ چیف جسٹس تاشی ربستان نے پیر کو ایک خصوصی ڈویژن بنچ تشکیل دینے پر اتفاق کیا جو پانچ ایم ایل ایز کی نامزدگی سے متعلق مفاد عامہ کی عرضی (PIL) کی سماعت کرے گی۔14 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے عرضی پر غور کرنے سے انکار کردیا اور عرضی گزار کو ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کو کہا۔جیسے ہی شرما کے وکیل ڈی کے کھجوریا نے ہائی کورٹ کا رخ کیا اور عرضی کی جلد فہرست کا مطالبہ کیا، چیف جسٹس ربستان نے اس معاملے کی سماعت کے لیے پیر کے لیے ایک خصوصی بنچ تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔قانون ساز کونسل کے سابق رکن اور پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر نائب صدر شرما بھی عدالت میں موجود تھے۔درخواست میں جے اینڈ کے تنظیم نو قانون کی دفعات کو چیلنج کیا گیا، جس میں ایل جی کو پانچ ایم ایل ایز کی نامزدگی کرنے کا اختیار دیا گیا تھا۔شرما نے کہا کہ درخواست میں استدلال کیا گیا ہے کہ ایل جی کو نامزدگی کرنے سے پہلے وزرا کی کونسل کی مدد اور مشورہ لینا چاہیے، بصورت دیگر یہ دفعات آئین کی بنیادی روح اور ڈھانچے کے خلاف ہیں۔

Share This Article