عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر کی نئی حکومت میں پیر پنجال علاقے سے دو مقامی رہنماؤں، سریندر کمار چوہدری کو ڈپٹی چیف منسٹر اور جاوید رانا کو وزیر کے طور پر منتخب کیے جانے پر راجوری اور پونچھ کے سرحدی اضلاع میں نیشنل کانفرنس کے سینکڑوں حامیوں نے سڑکوں پر خوشی کا اظہار کیا۔
عمر عبداللہ نے 2019 میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد یونین ٹیریٹری میں پہلی منتخب حکومت کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھایا۔ سریندر چوہدری، جنہوں نے راجوری ضلع کے نوشہرہ میں بی جے پی سربراہ رویندر رینہ کو شکست دی، اور جاوید رانا، جو پونچھ ضلع کے مینڈھر کی نمائندگی کرتے ہیں، اُن چار فاتح این سی امیدواروں میں شامل تھے جو پیر پنجال بیلٹ سے کامیاب ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ جوں ہی دونوں رہنماؤں نے سرینگر میں حلف اٹھایا، نوشہرہ، مینڈھر اور دیگر علاقوں میں این سی کے حامی روایتی ڈھول کی تھاپ اور رقص کے ساتھ خوشیاں مناتے نظر آئے۔ نوشہرہ میں، جو سریندر چوہدری کا آبائی علاقہ ہے، این سی کے کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں اور نیشنل کانفرنس اور عبداللہ خاندان کے حق میں نعرے لگائے۔
مقامی افراد نے نیشنل کانفرنس کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے چوہدری کو ڈپٹی چیف منسٹر مقرر کیا۔