محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ایک ٹرک کے سڑک سے نیچے گرنے اور فوجی گاڑی سمیت تین ٹرکوں کے آپس میں ٹکرانے کے نتیجے میں ایک ڈرائیور کی موت واقع ہوگئی جبکہ کئی دوسروں کو چوٹیں آئیں۔ شاہراہ پر ہوئے ان تین سڑک حادثات کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت بھی کچھ کیلئے معطل رہی اور ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی ۔ رامسو اور شیر بی بی کے درمیان اگرچہ ٹریفک جام کو قابو کیا گیا تاہم بانہال قصبہ میں دن بھر ٹریفک جام کی صورتحال رہی اور گاڑیوں کی نقل و حرکت سست رفتاری کا شکار رہی۔ ٹریفک پولیس نے بتایا کہ وادی کشمیر سےجموں کی طرف جانے والا سیبوں سے لدھا ایک ٹرک شیر بی بی کے پاس فورلین شاہراہ کی ایک لین کے پل سے سے نیچے گر گیا جس کے نتیجے میں بیرون ریاستی ایک ڈرائیور کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ پولیس اور بانہال والنٹیئرس کے رضاکاروں نے لاش کو بانہال ہسپتال منتقل کیا۔پولیس نے مہلوک ڈرائیور کی شناخت ہرویندر سنگھ ساکنہ سہارنپور اتر پردیش ریاست کے طور کی۔ انہوں نے کہا کہ کیلا موڑ رام بن کے پاس بھی ایک ٹرک سڑک سے نیچے گر گیا جبکہ ناچلانہ کے علاقے میں کم از کم تین ٹرک آپس میں ٹکرائے جس میں ایک فوجی گاڑی بھی شامل ہے۔ ان تین الگ الگ حادثات کے نتیجے میں کئی ٹرک سواروں کو چوٹیں بھی آئیں۔ انہوں نے کہا کہ کیلا موڑ کے مقام پر سرینگر سے سیبوں سے بھرا ٹرک نمبر HP38E/6498 ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گیا اور نچلی طرف سے کشمیر جانے والی ٹیوب میں الٹ گیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹرک سڑک کے کنارے رک گیا اور خوش قسمتی رہی کہ ٹرک سڑک کے کنارے پھنس جانے کی وجہ سے نیچے نہیں گرا، ورنہ اس حادثے کے نتائج سنگین ہوتے۔اس حادثہ میں ہربندر سنگھ ولد درشن سنگھ ساکنہ ہوشیار پور پنجاب نامی ڈرائیو زخمی ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ ناچلانہ میں کئی ٹرکوں کے حادثہ میں ڈرائیور ردمل خان ولد آکھے خان ساکنہ ہوپرڈی، جودھ پور اور شبیر احمد لون ولد عبدالرحمن ساکن شوپیاں زخمی ہوئے ہیں اور انہیں ضروری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ شیر بی بی میں کئی گاڑیوں کے تصادم کے نتیجے میں شاہراہ پر ٹریفک کی روانی کچھ وقت کیلئے متاثر رہی تاہم بعد میں آپس میں ٹکرائے ٹرکوں کو ایک طرف کرکے ٹریفک کو بحال کیاگیا تاہم ٹریفک جام کو صاف کرنے میں ٹریفک پولیس کو مزید کئی گھنٹوں کا وقت لگا۔