عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں ‘ممنوعہ جماعت سمجھی جانے والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ شیئر حاصل کیا ہے۔
بھارت 24 کی جانب سے منعقدہ میڈیا کنکلیو میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جموں و کشمیر میں بی جے پی کی اب تک کی بہترین کارکردگی کو وزیر اعظم نریندر مودی کے نام منسوب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 10 سالوں میں وزیر اعظم نے ایک نیا ورک کلچر اور جمہوریت کا ایک نیا معیار متعارف کرایا، جس میں ترقیاتی اور فلاحی سکیموں کے فوائد ہر طبقے تک پہنچے، چاہے وہ کسی بھی ذات، مذہب یا عقیدے سے تعلق رکھتے ہوں۔ یہ سیاست کانگریس پارٹی کی ووٹ بینک کی سیاست سے بہت مختلف ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پی ایم آواس یوجنا کی مثال دی، جس کے تحت کچی بستیوں کو پکے مکانات میں تبدیل کیا گیا، یہاں تک کہ ان طبقات میں بھی جو کبھی بی جے پی کو ووٹ نہیں دیتے تھے کیونکہ انہیں کانگریس پارٹی کی طرف سے گمراہ کیا گیا تھا۔ اب یہی طبقات بی جے پی کی پالیسیوں سے متاثر ہو کر دلوں میں تبدیلی لا رہے ہیں کیونکہ مودی کے تحت بی جے پی نے “سب کے لیے انصاف، کسی کی خوشامد نہیں” کا منتر اپنایا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے یاد دلایا کہ وہ دن بھی دیکھے گئے جب ریٹرننگ آفیسر صرف حکمران جماعت کے امیدوار کے نامزدگی فارم کو قبول کرتا اور بغیر کسی پولنگ کے اسے کامیاب قرار دیا جاتا۔ پھر ایک طویل عرصے تک ملی ٹینسی کا دور رہا، جہاں تین دہائیوں سے زائد عرصے تک انتخابات گن کے خوف کے سائے میں ہوتے رہے، جس میں پاکستان کی ہڑتال کی کال اور علیحدگی پسند گروپوں کی پول بائیکاٹ کی کال کے باعث صرف 8فیصد سے 10 فیصد ووٹ پڑتے تھے۔ یہ وہ دور تھا جب چند افراد اور خاندان اپنی حکمرانی کو نسل در نسل جاری رکھنے کے لیے ووٹ کا انتظام کرتے تھے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ ہم جموں و کشمیر میں جمہوریت کو مرکزی دھارے میں لانے کا مشاہدہ کر رہے ہیں، اور کشمیر میں انتخابات کا منظر بالکل ویسا ہی جوش و خروش اور تہوار جیسا تھا جیسے ملک کے کسی بھی ریاست یا یونین ٹیریٹری میں انتخابات ہوتے ہیں۔
ہریانہ کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا، “کانگریس پارٹی اب بھی پرانی چالوں کو کھیلنے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ ووٹر آگے بڑھ چکا ہے”۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس نے “کسان، پہلوان اور آئین” کو ووٹ حاصل کرنے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی، لیکن ووٹر آج کے دور میں بیدار اور باشعور ہے اور مصنوعی بیانیے سے متاثر نہیں ہوتا۔ ہریانہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے عزم، یقین اور لگن پر مبنی نقطہ نظر کو درست ثابت کر دیا ہے۔