محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر تین مختلف سڑک حادثات میں ایک ٹرک ڈرائیور جاں بحق ہو گیا ہے جبکہ کئی دیگر افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ سڑک حادثات کی وجہ سے قومی شاہراہ پر کچھ وقت کے لیے ٹریفک کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی اور شاہراہ پر شدید ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق، پہلا حادثہ اُس وقت پیش آیا جب کشمیر سے جموں کی طرف جانے والا سیبوں سے بھرا ایک ٹرک شیر بی بی کے مقام پر لڑھک گیا۔ حادثے کے نتیجے میں غیر ریاستی ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس اور بانہال والنٹیئرز کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش کو بانہال ہسپتال منتقل کیا ہے۔
دوسرا حادثہ کیلا موڑ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک اور ٹرک سڑک سے نیچے جا گرا۔ اسی دوران، ناچلانہ کے علاقے میں تیسرا حادثہ اس وقت پیش آیا جب تین ٹرک اور ایک فوجی گاڑی آپس میں ٹکرا گئے۔ ان حادثات میں کئی ٹرک سوار زخمی ہوئے ہیں تاہم ان کی حالت کے بارے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
شاہراہ پر ان حادثات کی وجہ سے ٹریفک کچھ دیر کے لیے معطل رہی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جس کے بعد ٹریفک حکام نے حرکت میں آ کر ٹریفک کی بحالی کیلئے اقدامات شروع کئے۔