سمت بھارگو
راجوری//سابق وزیر اور بی جے پی لیڈر چودھری ذوالفقار علی نے پیر کو پیر پنجال علاقے کے لوگوں سے راجوری اور پونچھ اضلاع کے علیحدہ یونین ٹیریٹری کے مشترکہ مقصد کے لئے متحد ہونے کو کہا اور نیشنل کانفرنس پر اس سرحدی علاقے کے لوگوں کو دھوکہ دینے اور سوتیلی ماں جیسا سلوک کرنے کا الزام لگایا۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں اس علاقے سے آٹھ میں سے سات سیٹیں حاصل کرنے کے بعد بھی این سی مستقبل میں بھی یہ سلوک جاری رکھے گی۔سابق وزیر، جو راجوری کے بدھل اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار تھے اور این سی کے جاوید اقبال چودھری سے ہار گئے تھے، نے انتخابات کے بعد پہلی ورکرز کنونشن سے خطاب کیا۔یہ کنونشن ڈاک بنگلہ راجوری میں منعقد کیا گیا جس میں عام رائے دہندگان کے علاوہ بی جے پی کے قائدین اور پارٹی کے کارکنان نے شرکت کی۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ راجوری اور پونچھ اضلاع کے لوگوں کو براہ راست دہلی سے جوڑنے کی ضرورت ہے اور لوگوں کو اس علاقے کے علیحدہ یوٹی کے لئے کوشش کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ’’ہم کشمیر وادی کی قیادت سے مزید ڈکٹیشن نہیں چاہتے اور دہلی سے براہ راست رابطہ قائم کرنا چاہتے ہیں اور یہ ایک علیحدہ یوٹی کے ذریعے کیا جا سکتا ہے جس کیلئے جڑواں اضلاع کے تمام لوگوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے اور آج اس جدوجہد کا پہلا دن ہے۔ذوالفقار، جنہوں نے 2008 اور 2014 کے اسمبلی انتخابات میں درہال اسمبلی حلقہ سے دو بار کامیابی حاصل کی اور 2014 کے بعد کابینی وزیر بھی رہے، مزید کہا کہ اس علاقے میں لوگوں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔نیشنل کانفرنس (NC) پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے چوہدری ذوالفقار علی نے اس پر علاقے اور اس کے لوگوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کرنے کا الزام لگایا۔انہوں نے ہمیشہ ہمارے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک کیا اور ہمیں دھوکہ دیا۔ ذوالفقار علی نے مزید کہا کہ حال ہی میں ہونے والے انتخابات میں، این سی اتحاد نے آٹھ میں سے سات اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کی ہے لیکن وہ سوتیلی ماں والا سلوک جاری رکھے گی۔ذوالفقار نے عمر عبداللہ سے کہا کہ وہ اس وجہ کا خود جائزہ لیں جس کی وجہ سے وہ اب مرکزی زیر انتظام علاقے کے وزیر اعلیٰ (سی ایم) ہیں جو پہلے ایک ریاست تھی اور وہ اس کے وزیر اعلیٰ تھے۔