اشتیاق ملک
ڈوڈہ //لمبردار و چوکیدار یونین کا ڈوڈہ میں ایک روزہ کنونشن منعقد ہوا جس میں انہوں نے ماہانہ مشاہرے میں اضافہ کرنے و 60کی عمر پار کرنے والے لمبرداروں و چوکیداروں کو باقاعدہ طور پر پنشن فراہم کرنے کی مانگ کی۔ٹاؤن حال ڈوڈہ میں منعقد یک روزہ کنونشن میں چیئرمین لمبردار و چوکیدار یونین مکیش پریہار نے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ لمبردار و چوکیدار سرکار و باالخصوص محکمہ کی آنکھ اور کان کی مانند ہیں لیکن بدقسمتی سے آج کے دور میں بھی ان کے ساتھ سوتیلے پن کا سلوک کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی آسمان پر پہنچ گئی ہے اور لمبرداروں و چوکیداروں کو قلیل مشاہرہ دیا جاتا ہے وہ بھی وقت پر ادا نہیں ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف سرکار نے پڑھے لکھے نوجوانوں کو لمبردار و چوکیدار تعینات کیا دوسری جانب ماہانہ 1501روپے تنخواہ دی جاتی ہے جو کہ ایک بھدا مذاق ہے۔انہوں نے ویجز ایکٹ کے تحت ماہانہ مشاہرے میں اضافہ کرنے، 60سال سے اوپر کے لمبرداروں و چوکیداروں کو پنشن فراہم کرنے اور انہیں شناختی کارڈ جاری کرنے کی مانگ کی۔اس دوران ضلعی سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی جس وجے منہاس و محمد اسحاق ملک کو جنرل سیکرٹریز، خزانچی رامیش چب، آرگنائز انل کمار و لابھ لال، پبلسٹی سیکرٹری وجے چنڈیل و پورن سنگھ شامل ہیں۔یونین کے چیئرمین نے کہا کہ آنے والے دنوں میں تحصیل سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔آخر پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ کو ایک یادداشت بھی پیش کی۔