عظمیٰ نیوز سروس
کوٹرنکہ //راجوری ضلع کے تعلیمی زون خواص میں شعبہ ایجوکیشن کا حال خراب ہو کر عام لوگوں و بچوں کیلئے پریشانی کا باعث بنتا جارہا ہے ۔زون میں کئی ایک سکولی عمارتیں خستہ حال ہو کر منہدم ہونے کی دہلیز پرپہنچ چکی ہیں جبکہ کئی جگہوں پر بچے کچے عارضی رہائشی مکانات میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں اور خراب موسمی صورتحال کے دوران مذکورہ سرکاری سکولوں میں چھٹیاں کر دی جاتی ہیں کیونکہ بارشوں کے دوران کھلے عام لگنے والے سکولوں میں پڑھائی کا کوئی بندوبست ہی نہیں ہوسکتا ہے ۔زون میں گورنمنٹ مڈل سکول بیلا کی عمارت کئی عرصہ سے زمین بوس ہوئی ہے جس کی وجہ سے سکول میں زیر تعلیم بچوں کی ایک بڑ ی تعداد کھلے عام بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہے ۔والدین نے بتایاکہ علاقہ میں 1958میں ایک سرکاری پرائمری سکول قائم کیاگیا تھا جس کا 2006میں درجہ بڑھا کر مڈل سکول کردیا گیا تھا لیکن مڈل سکول کرنے کے بعد کوئی عمارت تعمیر نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے گزشتہ 18برسوں سے بچے کھلے عام بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سکول میں اس وقت 100کے قریب بچے زیر تعلیم ہیں تاہم حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے وہ اپنے معصوم بچوں کے مستقبل کیلئے فکر مند ہیں ۔انہوں نے کہاکہ علاقہ میں شدید سردی کے دنوں میں بھی بچے کھلے عام بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں تاہم اس سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رجوع بھی کیاگیا لیکن آج تک بچوں کو کوئی سہولیت فراہم نہیں کی گئی ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ شعبہ ایجوکیشن اور مقامی انتظامیہ سے رجوع کر کے وہ اب تنگ آگئے ہیں تاہم انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بدھل اسمبلی حلقہ سے نئے منتخب ہوئے ممبر اسمبلی آئندہ مذکورہ شعبہ کی بہتری کیلئے کام کریں گئے ۔دوسری جانب جب متعلقہ زونل ایجوکیشن آفیسر سے رجوع کیاگیا تو انہوں نے کہاکہ سکول کی خستہ حالی کے سلسلہ میں اعلیٰ حکام کو تحریری طور پر آگاہ کیاگیا ہے ۔