عظمیٰ نیوز سروس
گریز//ایم ایل اے گلمرگ فاروق احمد شاہ نے سیاحت کے شعبے میں بہتری کے عزم کے ساتھ ٹراول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیر کے تین روزہ فیم ٹرپ کا باقاعدہ آغاز کیا۔ ٹاک کے وفد کی قیادت صدر رؤف ترنبو نے کی، جنہوں نے گریز کے اہم مقامات کا دورہ کر کے یہاں کی سہولیات اور خدمات کا جائزہ لیا۔ وفد نے مقامی شراکت داروں کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی، جس میں ہوٹل مالکان، ٹرانسپورٹر، ٹریڈ یونین کے نمائندے، اور کیمپنگ کے منتظمین شامل تھے۔ اہم شرکاء میں جی این لون، صدر گریز ہوٹل ایسوسی ایشن،اسماعیل لون، صدر گریز ٹریڈ یونین۔اعجاز احمد، صدر گریز کیمپنگ ایسوسی ایشن؛ محمد یوسف، سیکرٹری ٹیکسی اسٹینڈ یونین گریز اور حاجی غلام محمد لون شامل تھے۔گریز میں ایک صفائی مہم کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں مقامی شراکت داروں اور کمیونٹی کے افراد نے حصہ لیا، جس نے ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔