یواین آئی
اونا// ہماچل پردیش کے اونا کے بنگانہ پولیس اسٹیشن کے تحت کوٹلاں خاص میں پیش آئے ایک المناک حادثے میں دو موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کی المناک موت ہو گئی۔ مرنے والوں کی شناخت ساگر (17) ولد رویندر کمار ساکن بیری اور دنیش (17) ولد راج کمار ساکن دھوندھلا کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے دونوں لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اونا کے علاقائی اسپتال بھیج دیا ہے۔پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق اتوار کی صبح دونوں نوجوان بائک پر پیٹرول بھروانے بنگانہ کی طرف جارہے تھے۔ اس دوران کوٹلاں خاص پہنچنے پر بنگانہ سے بڈسر کی طرف جانے والے ٹرک سے ٹکر ہوگئی۔ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ دونوں نوجوان موٹر سائیکل سمیت ٹرک کے نیچے پھنس گئے۔ مقامی لوگوں کی مدد سے دونوں کو ٹرک کے نیچے سے خون میں لت پت حالت میں نکال کر بنگانہ اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔ساگر 12 ویں کلاس کا طالب علم تھا، جبکہ دنیش آئی ٹی آئی کا ٹرینی تھا۔ کٹلیہڑ علاقہ کے ایم ایل اے وویک شرما نے اس واقعہ پر صدمہ کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر اجے ٹھاکر نے بتایا کہ پولیس نے دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے علاقائی اسپتال اونا بھیج دیا ہے۔ ٹرک ڈرائیور سنجیو کمار ساکن بڈسر، ہمیر پور کے خلاف معاملہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔