محمد تسکین
بانہال // بُدھ اور جمعرات کی درمیانی رات بانہال کے ہالی میدان علاقے میں وائلڈ لائف کی طرف کئی ہفتے پہلے لگائے گئے ایک پنجرے میں ایک تیندوے کو پکڑ لیا گیا ۔اس تیندوے نے قصبہ بانہال کے نزدیکی گاوں ناگام ، ہالی میدان ، تانترے پورہ اور ڈولیگام کے علاقوں میں خوف کا ماحول قائم کر رکھا تھا اور درجنوں بھیڑ بکریوں اور مویشیوں کو اس تیندوے نے اپنا نوالہ بنا کر ہلاک کیا تھا اور اسکو پکڑنے کیلئے وائلڈ لائف کی ٹیم پچھلے کئی مہینوں سے محنت کر رہی تھی اور گذشتہ رات اسے کامیابی ملی ۔انچارج وائلڈ لائف کنٹرول روم بانہال نجم الدین نےبتایا کہ اس تیندوے کو پکڑنے کیلئے کئی ہفتے پہلے ہالی میدان بانہال کے گائوں میں ایک پنجرہ نصب کیا گیا تھا اور گزشتہ رات اس میں مطلوبہ تیندوا قید ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ بعد میں ٹرنکولائرز دے کر اس خونخوار تیندوے کو بےہوش کیا گیا اور اسے وائلڈ لائف ہیڈکوارٹر جموں بھیجا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس تیندوے نے علاقے میں کئی حملے کرکے ایک درجن سے زائد بھیڑ بکریوں اور مویشیوں کو ہلاک کیا تھا اور اب امید ہے کہ اس تیندوے کے پکڑے جانے کے بعد لوگوں کو راحت نصیب ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی مہینوں میں وائلڈ لائف نے ضلع رام بن میں کم از کم چار کاروائیاں کرکے جنگلی درندوں کو پکڑ کر علاقوں سے باہر بھیج دیا ہے ۔