حسین محتشم
پونچھ//خطہ پیر پنجال کی روایتی دستکاری کو فروغ دینے کے لئے ایک تاریخی اقدام میںڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل نے ای کامرس پلیٹ فارم میشو پر مشہور گوجری نسلی ٹوپی (ہیڈ ویئر) کو باضابطہ طور پر لانچ کیا۔ یہ اقدام، دستکاری اور ہینڈ لوم کے محکمے کی طرف سے چلایا گیا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر دستکاری اور ہینڈ لوم، جوگندر منگول کی نگرانی میں، توقع ہے کہ مقامی کاریگروں کیلئے نئے اقتصادی مواقع کھلیں گے اور پونچھ کے ثقافتی ورثے کو وسیع تر سامعین کے سامنے پیش کریں گے۔ گوجری ٹوپی جو کہ گجر برادری کی ثقافتی شناخت کی علامت ہے، کو مقامی کاریگر رومیہ کھوکھر نے بڑی احتیاط سے تیار کیا ہے، جس کی مہارت نے بڑے پیمانے پر تعریف حاصل کی ہے۔ ڈی سی نے اس اقدام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ’’گوجری ٹوپی کو ایک قومی ای کامرس پلیٹ فارم پر لانچ کرنا نہ صرف مارکیٹ تک رسائی بڑھانے بلکہ جموں و کشمیر میں اس پہاڑی علاقے کی ثقافتی شناخت کے تحفظ اور فروغ کی طرف بھی ایک قدم ہے‘‘۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس، جوگندر منگول نے کہا کہ میشو پر گوجری ٹوپی کی دستیابی ہمارے مقامی کاریگروں کو وسیع تر بازاروں میں روشناس کرائے گی اور انہیں قومی سطح پر مقابلہ کرنے میں مدد دے گی۔ اس اقدام سے نہ صرف مقامی دستکاری کو فروغ ملے گا بلکہ کاریگروں کی مستقل آمدنی کو بھی یقینی بنایا جائے۔