یو این آئی
ممبئی// معروف صنعت کار رتن ٹاٹا کا بدھ کی دیر رات ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا۔86سالہ رتن ٹاٹا گروپ کے چیئرمین ایمریٹس تھے ۔7 اکتوبر کو ٹاٹا کو جنوبی ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں ضعیف العمری اور صحت کے مختلف مسائل اور بلڈ پریشر کے سبب اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو ؛وزیر اعظم نریندر مودی اور ملک کے دیگر لیڈروں نے ٹاٹا کی موت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک بصیرت مند کاروباری رہنما، ہمدرد روح اور ایک غیر معمولی شخصیت قرار دیا۔2008 میں انھیں ہندوستان کا دوسرا سب سے بڑا شہری اعزاز پدم وبھوشن ملا، 2000 میں تیسرا سب سے بڑا شہری اعزاز پدم بھوشن ملا۔ انھوں نے 1961 میں ٹاٹا میں شمولیت اختیار کی، ٹاٹانے اسٹیل کے شاپ فلور پر کام کیا۔ بعد میں وہ 1991 میں ٹاٹا سنز کے چیئرمین کے طور پر جے آر ڈی ٹاٹا ے جانشین بنے ۔ ان کے دور میں ٹاٹا گروپ نے ٹیٹلی، جیگوار لینڈ روور، اور کورس کو حاصل کیا، تاکہ ٹاٹا کو بڑے پیمانے پر ہندوستان پر مرکوز گروپ سے ایک عالمی کاروبار میں تبدیل کیا جا سکے ۔ ممبئی فسادات 93-1992 کی تحقیقات کرنے والے جسٹس بی این سری کرشنا کے کمیشن کے سامنے انہوں نے بڑی بے باکی سے فسادات کے بارے گواہی دی تھی۔رتن ٹاٹا نے نومبر 2008 میں تاج محل پر دہشت گردانہ حملے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت وقت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
ایل جی اوراین سی کا خراج عقیدت
سرینگر/عظمیٰ نیوز سروس/ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے معروف صنعت کار رتن ٹاٹا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ بلاشبہ وہ حالیہ دنوں میں صنعت کے سب سے بااثر رہنماؤں میں سے ایک تھے اورانہوں نے ہندوستانی معیشت، تجارت اور صنعت پر گہرے نقوش چھوڑے ’۔ادھر نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے آنجہانی کے جملہ سوگواران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور اُن کی آتما کی شانتی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے اراکین پارلیمان میاں الطاف احمد اور آغا سید روح اللہ مہدی نے بھی رتن ٹاٹا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔