عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اپنے ایک بیان میںجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے لیے منتخب ہونے پر پارٹیوں اور ممبران کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ کے سی سی آئی آنے والی حکومت اور نمائندوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے تاکہ لوگوں کے مسائل کو حل کیا جا سکے اور جموں و کشمیر میں تجارت اور صنعت کو فروغ دیا جا سکے۔ادھر ٹریڈرس فیڈریشن کے سابق جنرل سیکرٹری بشیر احمد کونگپوش نے کہا کہ جموں و کشمیر میں نئی منتخب سرکار اور عمرعبداللہ کی بطور وزیر اعلیٰ کے نامزدگی کا خیر مقدم کرتے ہوئے جیت درج کرنے والے ممبران کو مبارکباد پیش کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تاجروں کو نئی حکومت کے ساتھ امیدیں وابستہ ہیں اور گذشتہ کئی برسوں سے تاجروں کو دپیش مسائل عیاں ہیں اور اب لازمی ہے کہ دکانداروں اور تاجروںکی فلاح و بہبود اور خاص کر لوگوں کو درپیش روزہ مرہ کے مسائل کو حل کرنے کی طرف اولین توجہ دی جائے۔ادھرکشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار نے مبارکباد پیش کی اور عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت سے زیادہ توقعات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقامی ہونے کی حیثیت سے وہ علاقے کی اقتصادی مسائل کو بہتر طور پر سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی امیدیں نئی حکومت سے ہیں، کیونکہ انہوں نے ایک پیچیدہ اقتصادی منظرنامہ ورثے میں لیا ہے۔کے ٹی ایف نے کاروباری برادری کی نئی حکومت کے ساتھ شمولیت کی خواہش اور طویل مدتی اقتصادی چیلنجز کے حوالے سے نئے انداز کی امید کو اجاگر کیا۔