عظمیٰ نیوزسروس
رام بن//رام بن پولیس نے منشیات سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک شخص کو اس گاڑی سے چرس کے ساتھ گرفتار کیا جس میں وہ جمعرات کو عسر ڈوڈہ جا رہا تھا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس کی ایک خصوصی ٹیم نے منشیات سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔انہوں نے بتایا کہ ناکہ شان پیلس رام بن پر قومی شاہراہ پر معمول کی گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ایک لوڈ کیریئر آٹو زیررجسٹریشن نمبر JK17A-4263کو جموں سے سری نگر جاتے ہوئے روکا گیا۔ گاڑی کی چیکنگ کے دوران پولیس کو چرس سے مشابہ مادہ کی 32سلاخیں برآمد ہوئیں جن کا وزن تقریباً 500-600گرام تھا۔آٹو ڈرائیور کی شناخت فاروق احمد ولد غلام محمد شیخ ساکن بگر، تحصیل عسر، ڈوڈہ کے طور پر ہوئی ہے۔اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 251برائے 2024، این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8/20 کے تحت پولیس سٹیشن رام بن میں درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کردی گئی۔