عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر کے سابق نائب وزیرِ اعلیٰ کویندر گپتا نے بدھ کو کہا کہ نیشنل کانفرنس-کانگریس اتحاد کو یونین ٹیریٹری میں دفعہ 370 بحال کرنے کی اجازت کبھی نہیں دی جائے گی، چاہے انہوں نے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہو۔
آئی اے این ایس کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں بی جے پی لیڈر کویندر گپتا نے کہا کہ جموں و کشمیر کی نئی حکومت کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ پورے خطے کی ترقی پر توجہ دے اور جموں کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کرے۔
گپتا نے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کے اُس بیان کا بھی ذکر کیا جس میں انہوں نے مرکز کے ساتھ جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے کام کرنے کی بات کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس-کانگریس اتحاد دفعہ 370 کی بحالی اور پتھراؤ کرنے والوں کو رہا کرنے جیسے وعدے پورے نہیں کر سکتا اور انہیں ایسا کرنے کی کبھی اجازت نہیں دی جائے گی۔