یٰسین جنجوعہ
جموں //اسمبلی الیکشن 2024کے نتائج سامنے آنے کیساتھ ہی جہاں جموں وکشمیر میں آئندہ حکومت کی تشکیل کی راہ ہموار ہو گئی ہے وہائیں خطہ پیر پنچال میں کانگریس این سی اتحاد اور آزاد اُمیدوارں کا غلبہ رہا ۔خطہ کے دونوں سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ کی مجموعی طور پر 8نشستوں میں سے اتحاد کے حصے میں 5سیٹیں آئی جبکہ 2سیٹوں پر آزاد امید واروں نے باز ی مار لی تاہم خطہ میں بھاجپا کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور محض 1سیٹ پر پارٹی امید وار نے کامیابی حاصل کی ۔خطہ میں 3سابقہ وزیرکامیابی حاصل نہ کر سکے جبکہ این سی کانگریس کے راجوری سے امید وار اور اسمبلی حلقہ تھنہ منڈی سے کامیاب آزاد امید وار نے اپنی پہلی جیت کیساتھ اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا ہے ۔سرحدی ضلع پونچھ میں بھی اٹھ اکتوبر کو اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی ہوئی اور نتائج سامنے آئے۔ اس دوران ضلع پونچھ کی تین نشستوں پر نیشنل کانفرنس دو نشستوں پر فاتح رہی جبکہ ایک نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔حلقہ انتخاب حویلی پونچھ سے اعجاز احمد جان نے سب سے زیادہ 41162 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے قریبی مدِ مقابل عبدالغنی جو بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے انتخابات لڑ رہے تھے نے39507 ووٹ حاصل کئے یہاں پر اعجاز جان نے اپنی شاندار جیت حاصل کی۔سرنکوٹ حلقہ انتخاب سے چوہری محمد اکرم نے 34201 ووٹ حاصل کئے اور وہ کامیاب رہے جبکہ ان کے قریبی مدِ مقابل شہنواز چوہدری نے 25350 ووٹ حاصل کیے اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے مرحوم امیدوار سید مشتاق احمد بخاری نے 23773 ووٹ حاصل کئے۔اسمبلی حلقہ انتخاب مینڈھر سے جاوید احمد راناجو کہ نیشنل کانفرنس کے امیدوار ہیں نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے اپنے قریبی مد مقابل بھارتیہ جنتا پارٹی کے مرتضی احمد خان کو شکست دی۔اسی طرح راجوری ضلع کے تھنہ منڈی اسمبلی حلقہ میں سے آزاد امید وار مظفر خان نے 32645 ووٹ حاصل کر کے اپنے حریف بھاجپا امید وار اقبال ملک کو 6179 ووٹوں سے شکست دی ۔بھاجپا امید وار نے 26466 ووٹ حاصل کئے جبکہ پی ڈی پی امید وار ایڈوکیٹ قمر چوہدری نے 21986 اور کانگریس این سی کے مشترکہ امید وار شبیر احمد خان نے 7508 ووٹ حاصل کئے ۔راجوری اسمبلی حلقہ میں سے کانگریس این سی کے مشترکہ امید وار افتخار احمد نے 28923 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی جبکہ ام کے مد مقابل بھاجپا امید وار ایڈوکیٹ وبودھ گپتا نے 27519 ووٹ حاصل کئے ۔اسمبلی حلقہ بدھل میں سے جاوید اقبال چوہدری نے 42043 ووٹ حاصل کر کے بھاجپا سنیئر لیڈر اور سابقہ ریاستی وزیر چوہدری ذوالفقار علی کو شکست سے ہمکنار کیا ۔کالا کوٹ اسمبلی حلقہ میں سے بی جے پی کے ٹھاکر رندھیر سنگھ نے 14409 کی برتری کے ساتھ اپنے بھتیجے اور این سی کے ٹھاکر یشو وردھن سنگھ کو 35010 اور بعد میں 20601 کے ساتھ شکست دیکر جیت درج کی۔ نوشہرہ اسمبلی حلقہ میں سے این سی اور کانگریس کے مشترکہ امید وار سریندر چوہدری نے 35069ووٹ حاصل کر کے بھاجپا سنیئر لیڈر اور جموں وکشمیر پردیش بھاجپا صدر رویندر رینہ کو شکست دے دی ۔