یواین آئی
نئی دہلی// ہندوستان اور مالدیپ نے ’جامع اقتصادی اور میری ٹائم سیکورٹی پارٹنرشپ‘ کے طور پر اپنے دو طرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کا اعلان کیا ہے اور ایک آزاد تجارتی معاہدہ کرنے اور مقامی کرنسیوں میں کاروبار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حیدرآباد ہاؤس میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مالدیپ کے صدر محمد معزو کے درمیان دو طرفہ سربراہی اجلاس میں آج یہ فیصلے کئے گئے۔ دونوں رہنماؤں نے ہندوستانی تعاون اور 700 سے زیادہ رہائش گاہوں کے ساتھ بنائے گئے ہنی مادھو بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نئے رن وے کا افتتاح کیا اور مالدیپ میں روپے کارڈ کا آغاز کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے پانچ مفاہمت ناموں پر دستخط کیے گئے اور ان کا تبادلہ کیا گیا جو کہ دفاع، انسداد بدعنوانی، قانونی میدان میں صلاحیت سازی اور کھیلوں اور نوجوانوں کے امور کے شعبوں میں ہیں۔