عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی کے متعدد علاقوں میں قہر انگیر ژالہ باری کی وجہ سے اس علاقے میں متعدد کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے کسانوں میں تشویش پیدا ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ سنیچر اتوار کے درمیانی رات کو سب ڈویژن تھنہ منڈی کے بالائی علاقوں میں ہلکی جبکہ میدانی علاقوں میں شدید بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں اس علاقے میں تمام کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچائے۔ کسانوں نے میڈیا کو بتایا کہ پچھلے کئی دنوں سے موسم انتہائی خوشگوار تھا، تاہم سنیچر اور اتوار کی شب موسم نے اچانک کروٹ لی اور زور دار بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوا۔ اس سلسلے میں بالائی علاقوں میں ہلکی پھلکی جبکہ نشیبی علاقوں میں شدید بارشوں اور ژالہ باری کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ وہیں راجدھانی سے فرہاد رشید نے میڈیا کو بتایا کہ شدید ڑالہ باری کا مرکز باولی سے لے کر چھڑونگ پل تک تھا جس کی وجہ سے کھڑی پڑی گھاس مکئی ہری سبزیوں اور پھلوں کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر دھان کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ کسانوں کا مزید کہنا تھا کہ کچھ دیر تک ہی شدید ژالہ باری اور بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں دیگر فصلوں کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر دھان کی فصل متاثر ہوئی ہے۔ اس موقع پر کسانوں نے تحصیل و ضلع انتظامیہ سے معقول معاوضہ فراہم کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔ متعدد کسانوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اور تحصیلدار تھنہ منڈی سے اپیل کی ہے کہ اس سارے علاقے میں ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں تاکہ لوگوں کے نقصان کا صحیح تخمینہ لگا کر انھیں معقول معاوضہ فراہم کیا جائے۔