عظمیٰ نیوز سروس
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں امن و امان ایل جی انتظامیہ کے ساتھ رہے گا اور سیکورٹی فورسز کو قوم کے اتحاد اور سالمیت کو چیلنج کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دینے کی مکمل آزادی ہوگی۔سنہا نے ایک قومی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا”جہاں تک سیکورٹی کی صورتحال کا تعلق ہے، ایل جی انتظامیہ امن و امان کو دیکھے گی،سیکورٹی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ہماری سیکورٹی فورسز ملک کی یکجہتی اور سالمیت کو چیلنج کرنے والے کسی بھی شخص کو منہ توڑ جواب دیں گی‘‘۔ حال ہی میں ختم ہوئے اسمبلی انتخابات کو خوف اور تشدد سے پاک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2014 میں ہوئے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں 29 افراد ہلاک ہوئے تھے اور بڑے پیمانے پر تشدد ہوا تھا۔تاہم، انہوں نے مزید کہا، اس اسمبلی انتخابات کے دوران، سیاسی جماعتوں اور امیدواروں نے آدھی رات کو بھی گائوں میں مہم چلائی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ انتخابات آزادانہ اور منصفانہ تھے اور بغیر کسی خوف اور تشدد کے لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت کے ساتھ پرامن طریقے سے منعقد ہوئے۔سنہا نے کہا کہ سوپور، بارہمولہ، شوپیان اور پلوامہ میں ووٹنگ کے دوران جمہوریت کا تہوار منانے کے لیے ووٹروں کی لمبی قطاریں تھیں۔ انتخابات میں 63 فیصد سے زائد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وادی سمیت پورے جموں و کشمیر نے ہندوستانی جمہوریت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف پورے ملک میں بلکہ دنیا بھر میں یہ پیغام گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے تیار ہیں۔سنہا نے کہا کہ پڑوسی کو بھی مناسب جواب دیا گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ 77 سال بعد یہ ہوا ہے کہ مغربی پاکستان کے پناہ گزینوں، گورکھوں اور والمیکی سماج نے پہلی بار جموں و کشمیر کے اسمبلی انتخابات میں اپنا ووٹ ڈالا۔