سب ضلع ہسپتال نوشہرہ میں ماہر امراض اطفال تعینات نہیں

Mir Ajaz
2 Min Read

رمیش کیسر

نوشہرہ //نوشہرہ کے سرکاری ہسپتال میں بچوں کا ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے والدین اپنے بیمار بچوں کو میلوں دور راجوری اور جموں کے سرکاری اور دیگر علاقوں کے نجی ہسپتالوں میں لے جانے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔مقامی معززین نے شعبہ کے اعلیٰ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جب سے نوشہرہ سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر مذکورہ ہسپتال قائم کیاگیا ہے تب سے ہی ہسپتال میں ترجیح بنیادوں پر بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے سب ڈویژن کے لوگ کئی طرح کے مسائل میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہسپتال میں حکام کی جانب سے ایسے ڈاکٹروں کی تعیناتی ہی عمل میں نہیں لائی ہے جن کی مریضوں و عام لوگوں کو اکثر ضرورت ہوتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 2برسوں سے مذکورہ سرکاری ہسپتال میں بچوں کی امراض کے ماہر ڈاکٹر کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے جس وجہ سے والدین اپنے چھوٹے بچوں کو معمولی بیماریوں کے علاج معالجہ کیلئے بھی راجوری اور جموں کے ہسپتالوں میں لے جانے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران کی لاپرواہی کی وجہ سے غریب عوام سب سے زیادہ متاثر اور پریشان ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے کئی مرتبہ مذکورہ معاملہ کو لے کر متعلقہ حکام سے بھی رجوع کیا لیکن حکام کی جانب سے صرف تسلیاں دے کر ان کو واپس بھیج دیا گیا لیکن ڈاکٹر کی تعیناتی آج تک نہیں کی گئی ۔مکینوں نے ڈائر یکٹر شعبہ صحت اور جموں وکشمیر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ نوشہرہ ہسپتال میں بنیادی سہولیات بالخصوص ڈاکٹروں کی خالی پڑی ہوئی آسامیوں کو جلدازجلد پُر کیا جائے تاکہ عام لوگوں کی پریشانی ختم ہو سکے ۔

Share This Article