عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //الیکشن کمیشن نے کہا کہ منگل کو ختم ہونے والے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے تین مرحلوں میں ابھی تک کوئی دوبارہ پولنگ نہیں ہوئی ہے۔اس نے یہ بھی نوٹ کیا کہ اسمبلی سیٹوں کی تعداد 2014 میں 83 سے بڑھ کر 2024 میں 90 ہو گئی ہے، اس بار انتخابات تین مرحلوں میں مکمل ہوئے جب کہ 2014 میں پانچ مرحلے تھے۔اس میں کہا گیا کہ انتخابات سے متعلق امن و امان کے کوئی بڑے واقعات کی اطلاع نہیں دی گئی، جو کہ 2014 کے مقابلے میں ایک نمایاں بہتری ہے جب 170 سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں پولنگ کے دنوں میں 87 واقعات بھی شامل ہیں۔چنائو اتھارٹی نے کہا کہ ان انتخابات میں سیاسی کارکنوں کی صوابدیدی روک تھام سے متعلق بھی کوئی شکایت نہیں ملی ہے جو کہ “بے مثال” ہے۔الیکشن کمیشن نے پولنگ کے دن سے عین قبل پولنگ سٹیشنوں کو اکٹھا یا تبدیل کرنے کے خلاف سختی سے ہدایت کی تھی اور اس کے مطابق 2014 میں 98 پولنگ سٹیشنوں کو آخری وقت میں منتقل کیا گیا۔اس میں کہا گیا ہے کہ پیسے اور طاقت کے کردار کو “نمایاں حد تک” کم کر دیا گیا۔ان اسمبلی انتخابات میں 2014 کے اسمبلی انتخابات کے مقابلے لڑنے والے امیدواروں کی تعداد میں سات فیصد اضافہ دیکھا گیا ۔خواتین امیدواروں نے نمایاں چھلانگ لگائی، اسی مدت میں ان کی تعداد 28 سے بڑھ کر 43 ہوگئی، جبکہ آزاد امیدواروں نے 26 فیصد اضافہ دیکھا۔EC نے کہا کہ رجسٹرڈ غیر تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں (RUPPs) نے بھی 2014 میں 138 سے بڑھ کر 2024 میں 236 تک شرکت میں غیر معمولی 71 فیصد اضافہ ظاہر کیا۔