عظمیٰ نیوز سروس
جموں//الیکشن کمیشن آف انڈیاکی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط اور عوامی نمائندگی ایکٹ کے مطابق، تمام میڈیا آئوٹ لیٹس(پرنٹ، الیکٹرانک، یا ڈیجیٹل)، پولنگ ایجنسیوں، اور افراد کو مطلع کیا گیاہے کہ جموں و کشمیر میں جاری انتخابات سے متعلق ایگزٹ پول کے نتائج کی اشاعت یا نشریات 5 اکتوبر 2024 شام 6بجے کے بعد شائع کئے جا سکتے ہیں۔ یہ پابندی عوامی نمائندگی ایکٹ، 1951 کی دفعہ 126A کے تحت لازمی ہے۔ اس شق کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہو سکتی ہے، جس میں جرمانے اور قید کی سزا بھی شامل ہے۔اس پابندی کا اطلاق میڈیا کی تمام اقسام پر ہوتا ہے بشمول اخبارات، ٹیلی ویژن چینلز، ریڈیو، آن لائن نیوز پورٹلز، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، اور میسجنگ سروسز جیسے واٹس ایپ، ٹیلی گرام، فیس بک، یوٹیوب، انسٹاگرام وغیرہ۔ اس کا اطلاق سیاسی جماعتوں، امیدواروں، پولنگ ایجنسیوں پر بھی ہوتا ہے۔ ، اور کوئی بھی افراد جو الیکشن سے متعلق سرگرمیوں میں مصروف ہوں۔