عظمیٰ نیوز سروس
جموں//انتخابی مہم اور متعلقہ سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری ملازمین کی شرکت کا نوٹس لیتے ہوئے، جموں و کشمیر کے الیکشن آفس نے ضابطہ اخلاق کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرنے پر6 کنٹریکٹ/ ایڈہاک ملازمین کو برطرف کرنے کے علاوہ 23 اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔مزید یہ کہ 20ملازمین کو بھی ان کے موجودہ دفاتر سے دیگر تحصیلوں/اضلاع کے دفاتر میں شفٹ کر دیا گیا ہے جن کے خلاف متعصبانہ رویہ اختیار کرنے کی شکایات ہیں۔انتخابی دفتر نے مزید بتایا ہے کہ انتخابات 2024 کے دوران اب تک مختلف نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے کل 130 کروڑ روپے ضبط کیے گئے ہیں۔محکمہ پولیس نے سب سے زیادہ 107.50 کروڑ روپے ضبط کیے ، جس کے بعد سی جی ایس ٹی نے 9.88 کروڑ روپے، ایس جی ایس ٹی/سی ٹی نے 8.03 کروڑ روپے، این سی بی نے 2.06 کروڑ روپے، محکمہ انکم ٹیکس نے 87 لاکھ روپے اور اسٹیٹ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے بالترتیب 50 لاکھ روپے ضبط کیے ہیں۔اب تک رپورٹ ہونے والی کل 1263 خلاف ورزیوں میں سے 600 انکوائری اور مناسب کارروائی کے بعد بند کر دی گئی ہیں جبکہ 364 زیر تفتیش ہیں جنہیں بھی جلد ختم کر دیا جائے گا اس کے علاوہ 115 امیدواروں/سیاسی جماعتوں/میڈیا ہاسز اور دیگر کو ایم سی سی کی خلاف ورزیوں پر نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ 32 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔