عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) وی کے بردی نے اتوار کو سرینگر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔یہ میٹنگ پولیس کنٹرول روم کشمیر میں ہوئی اور اس میں پولیس، سیکورٹی فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سینئر افسران بشمول کشمیر زون کے تمام رینج ڈی آئیز جی، سی آر پی ایف جنوبی اور شمالی سرینگر کے ڈی آئی ایس جی، کشمیر زون کے ضلعی ایس ایس پیز، نے شرکت کی۔ایک سرکاری بیان کے مطابق، میٹنگ کا آغاز شریک افسران نے آئی جی پی کشمیر کو سیکورٹی کے مجموعی منظر نامے پر بریفنگ دینے اور موجودہ سیکورٹی چیلنجوں کے بارے میںجانکاری فراہم کرنے کے ساتھ شروع کیا۔بات چیت میں مختلف پہلوئوں بشمول انٹیلی جنس اکٹھا کرنا اور مختلف ہنگامی حالات پر ردعمل کو شامل کیا گیا ۔ ضلعی ایس ایس پی نے آئی جی پی کشمیر کو تیاریوں اور اپنے متعلقہ اضلاع کی موجودہ امن و امان کی صورتحال سے متعلق مسائل سے بھی آگاہ کیا۔آئی جی پی کشمیر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار امن و امان کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اپنی ذمہ داری کے متعلقہ شعبوں کی تیاری، منصوبہ بندی اور نگرانی کریں۔انہوں نے ضلعی ایس ایس پی، سائبر سیل اور آئی ٹی اینڈ سوشل میڈیا سیلز کو ہدایت کی کہ وہ سوشل میڈیا پر نظر رکھیں اور افواہ پھیلانے والوں اور اشتعال انگیز مواد پوسٹ کرنے والوں کی نشاندہی کریں۔ انہوں نے ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا ہونے پر زور دیا اور وادی میں امن و سکون کو یقینی بنانے کے لیے عوام کے ساتھ رابطہ کاری میٹنگیں کرنے پر زور دیا۔اجلاس خطے میں امن و سکون کو یقینی بنانے کے اجتماعی عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ آئی جی پی کشمیر نے پولیس اور سیکورٹی فورسز کے شہریوں کے حقوق اور تحفظ کی حفاظت کرتے ہوئے امن و امان برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔