عظمیٰ نیوزسروس
جموں// مرکزی وزیر برائے کوئلہ اور کان کنی اور جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے انچارج جی کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کو اقتدار کی بھوک نہیں ہے۔ ان کا مقصد آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد آنے والی مثبت تبدیلی کو جاری رکھنا ہے۔جی کشن ریڈی نے جموں کے مولانا آزاد اسٹیڈیم میں وزیر اعظم نریندر مودی کے 28 ستمبر کو منعقد ہونے والے ’وجے سنکلپ ریلی‘کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا’’ہم تین خاندانوں کی حکمرانی ہمیشہ کے لیے ختم کریں گے، اب جموں و کشمیر کے عام لوگ حکومت کریں گے۔ اقتدار تین خاندانوں کے ہاتھ میں نہیں جائے گا تاکہ ریاست کو ان کی تباہی سے بچایا جا سکے۔ دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد، خاندانی جماعتوں سے سب کچھ چھین لیا گیا ہے، اس لیے ان کا غصے میں ہونا فطری ہے‘‘۔ریڈی نے کہا کہ ماحول بی جے پی کے حق میں ہے اور وہ جموں صوبہ میں انتہائی شاندار کارکردگی دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی یہ یقینی بنائے گی کہ پتھراؤ، منظم ہڑتال اور دہشت گردی کی سرگرمیوں کا دور واپس نہ آئے۔انکاکہناتھا’’جن ہاتھوں میں لیپ ٹاپ ہیں وہ ترقی کرتے رہیں گے۔ ہمیں اس ترقی کے سفر کو آگے بڑھانا ہے۔ عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ عبداللہ، مفتی اور کانگریس کے چنگل سے نکلنا چاہتے ہیں یا نہیں‘‘۔ریڈی نے مزید کہا کہ ہمارے 60 سے زیادہ امیدوار جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں میدان میں ہیں۔ آج ہمیں فخر ہے کہ پارٹی ہر ضلع میں انتخابات لڑ رہی ہے۔ عوام بی جے پی کو کام کی بنیاد پر موقع دے گی؛ ہمیں یقین ہے کہ عوام بی جے پی کی حمایت کریں گے۔