عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// مرکزی وزیر زراعت و فلاح و بہبود کسان اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما شیو راج سنگھ چوہان نے آج نیشنل کانفرنس کے سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کانگریس کے سینئر رہنما راہول گاندھی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سات نسلیں بھی دفعہ 370 کو بحال نہیں کر سکتیں۔
انہوں نے بشناہ اسمبلی حلقے کے سرحدی قصبے ارنیہ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “یہ نریندر مودی کی حکومت ہے اور آپ کبھی بھی چین کی مدد سے آرٹیکل 370 کو بحال کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے”۔
چوہان نے عوام سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر راجی بھگت کو یکم اکتوبر کے اسمبلی انتخابات میں ووٹ دینے اور ان کی فتح کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ بشناہ کے ووٹرز کو بہتر مستقبل کے لیے بی جے پی کے امیدوار کو جتوانے کا عہد کرنا چاہئے۔
مرکزی وزیر نے مودی حکومت کی طرف سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے شروع کی گئی مختلف ترقیاتی سکیموں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہر خاندان کی ایک بزرگ خاتون کے اکاؤنٹ میں 18000 روپے جمع کیے جائیں گے تاکہ ان کی معاشی حالت کو بہتر بنایا جا سکے۔