سرینگر// ضلع مجسٹریٹ سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے بدھ کو ہونے والے دوسرے مرحلے کی پولنگ کے لئے ضلع سری نگر میں تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔انہوں نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ اولین فرصت میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرکے جمہوریت کے اس تہوار کو کامیاب بنائیں۔
موصوف ضلع مجسٹریٹ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’ضلع سری نگر کی آٹھ اسمبلی سیٹوں کے 932 پولنگ مرکز پر دوپہر تک پولنگ پارٹیاں پہنچ جائیں گی جس کے لئے تمام تر تیاریوں کو مکمل کیا گیا ہے‘۔ان کا کہنا تھا:’بستیوں کے نزدیک پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں اور کوئی بھی پولنگ مرکز ایسا نہیں ہے جو دو کلو میٹر سے زیادہ دور قائم کیا گیا ہے‘۔
ڈاکٹر بلال محی الدین نے کہا کہ پارلیمانی الیکشن کے دوران سری نگر میں اچھا رسپانس ملا تھا اور اسمبلی انتخابات کے دوران بھی اچھے رسپانس کی امید ہے۔انہوں نے کہا کہ ’سری نگر کے آٹھ حلقوں پر 93 امید وار میدان میں ہیں لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے من پسند امید وار کو کامیاب بنائیں‘۔ان کا کہنا تھا: ’میری لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ اولین فرصت میں ووٹ ڈالیں یہ صرف چھٹی کا دن نہیں ہے بلکہ ایک اہم دن ہے لوگ ووٹ ڈال کر جمہوریت کے تہوار کو کامیاب بنائیں‘۔انہوں نے کہا کہ ضلع کےتمام پولنگ مراکز پرتمام تر سہولیات کو بہم رکھا گیا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ جسمانی طور معذور اور عمر رسیدہ ووٹروں کے لئے بھی تمام سہولیات کو دستیاب رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا: ’گرچہ ہم نے تمام رائے دہندگان کوووٹر سلپ فراہم کئے ہیں تاہم اگر کسی کے پاس نہیں ہے تو اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ ووٹ نہیں ڈال سکتا ہے‘۔ان کا کہنا تھا: ’ایسے ووٹر کوئی بھی شناختی کارڈ ساتھ رکھ کر ووٹ ڈال سکتے ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ پولنگ کے لئے سیکورٹی کے بھی خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔
ضلع سری نگر میں پولنگ کے لئے تمام تر انتظامات کو حمتی شکل دی گئی ہے: ضلع مجسٹریٹ
