عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// لیتہ پورہ پلوامہ حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں 2020 سے مقید کاکہ پورہ پلوامہ کا ایک قیدی جموں میڈیکل کالج ہسپتال میں حرکت قلب بند ہونے سے لقمہ اجل بن گیا۔
اس ضمن میں موصولہ تفصیلات کے مطابق بلال احمد کوچھے ولد غلام نبی کوچھے ساکن حاجی بل کاکہ پورہ نامی نوجوان لیتہ پورہ پلوامہ حملہ میں ملوث ہونے کے الزام میں 5 جولائی 2020 سے ڈسٹرکٹ جیل کشتواڑ میں نظر بند تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ جیل کشتواڑ میں ان کی طبعیت اچانک خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں 17 ستمبر 2024 کو ڈسٹرکٹ جیل کشتواڑ سے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموں منتقل کیا گیا جہاں وہ تب سے زیر علاج تھے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ شب جی ایم سی جموں میں ان کی طبعیت زیادہ خراب ہو گئی۔ اگر چہ ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کی از حد کوششیں کیں تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے لقمہ اجل بن گئے۔