عظمیٰ نیوزسروس
جموں// مرکزی کوئلہ و کانکنی کے وزیر جی۔ کشن ریڈی نے راہل گاندھی کے بیان ’ہم نے مودی کا اعتماد کم کر دیا ہے‘ کو لے کر انہیں آڑے ہاتھوں لیا ہے۔کشن ریڈی نے کہا ’’راہل بابا کو ملک مخالف طاقتوں سے بھارت کو توڑنے کا اعتماد ملتا ہے، اس لیے انہیں اس غرور میں لگتا ہوگا کہ ہم نے وزیر اعظم مودی کا اعتماد کم کر دیا ہے۔مگر میں اس کم عقل بچے کو بتانا چاہتا ہوں کہ وزیر اعظم مودی کا اعتماد 140کروڑ بھارت کے قابل احترام عوام ہیں‘‘۔اُنہوں نے کہا’’نہ صرف بھارت بلکہ دنیا کے دلوں میں بھی مودی جی بستے ہیں۔ اس لیے عوام کی دعاؤں نے انہیں تیسری بار بھارت کا وزیر اعظم بنایا ہے۔ہمیں عوام نے جیتا کر اپنا سرٹیفکیٹ بھی دیا ہے، اپنی دعائیں بھی دی ہیں اور اسی سے ہمارا اعتماد بھی بڑھا ہے۔ اس لیے بی جے پی اور وزیر اعظم مودی کو راہل گاندھی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے‘‘۔ریڈی نے کہا’’مودی جی کے اعتماد کو جانچنا ہے تو راہل گاندھی ملک کے کسانوں سے پوچھیں، ملک کے جوانوں سے پوچھیں، ملک کے سائنسدانوں سے پوچھیں، ملک کے نوجوانوں سے پوچھیں، ملک کی خواتین سے پوچھیں، وہ سب کچھ بتا دیں گے۔ کیونکہ مودی جی انہی کی طاقت پر تیسری بار بھارت کے وزیر اعظم بنے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا’’راہل گاندھی اعتماد کے علاوہ اگر مودی جی کے خوف اور حوصلے کے بارے میں بھی جاننا چاہتے ہیں، تو راہل بابا دہشت گردوں اور علیحدگی پسندوں سے پوچھیں، بدعنوانوں سے پوچھیں، ہمسایہ ملک پاکستان سے پوچھیں اور ملک مخالف طاقتوں سے پوچھیں۔ انہیں پتہ چل جائے گا کہ مودی جی کیا ہیں‘‘۔انکامزید کہناتھا’’کانگریس کے رہنماؤں کی نیت، قیادت، پالیسی اور اصول کمزور نظر آتے ہیں۔ اس بات کو پورا ملک جانتا ہے اور جموں و کشمیر کی عوام بھی جانتی ہے‘‘۔کشن ریڈی نے کہا کہ مجھے تو اعتماد ان کے حلیفوں میں بھی نظر نہیں آ رہا ہے۔ عمر عبداللہ کو اپنی صلاحیتوں پر یقین نہیں ہے، تبھی تو دو دو نشستوں سے الیکشن لڑنا پڑ رہا ہے۔