بھاجپا بتائے، 10سال میں کونسے نئے کام کئے؟

Mir Ajaz
4 Min Read

عظمیٰ نیوز سروس

جموں//کانگریس کے قومی صدر ملکا رجن کھرگے نے ہفتہ کو کہاکہ جموں وکشمیر کو ریاستی درجے کی بحالی اور یہاں عوام کے زخموں پر مرہم رکھنا پارٹی کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ آر ایس ایس،بی جے پی کی زہریلی ذہنیت سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ ملکا رجن کھرگے نے جموں میں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ کانگریس ریاستی درجہ کی بحالی، صحت کی اچھی سہولیات کی فراہمی، دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کو جائز ریزرویشن، اور منموہن سنگھ کی قیادت والی حکومت کے اعلان کردہ پیکیج کے مطابق کشمیری پنڈتوں کی واپسی اور بحالی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔انہوں نے جموں و کشمیر میں بے روزگار نوجوانوں کو5 لاکھ نوکریاں فراہم کرنے کے بی جے پی کے وعدے پر بھی سوال اٹھایا۔ کانگریس صدر نے کہاکہ بی جے پی اپنے10 سالہ دور حکومت میں روزگار فراہم کرنے میں ناکام رہی اور اب وہ جھوٹے وعدوں سے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ کھرگے نے کہاکہ جموں و کشمیر میں بے روزگاری کی شرح 35فیصد ہے۔انہوںنے کہاکہ آپ( بھاجپا) کے پاس پچھلے10 سالوں میں کافی وقت تھا اور آپ نے لیفٹیننٹ گورنر کو بہت سارے اختیارات دئیے ، اگر آپ نے کوشش کی ہوتی تو یہ صرف ایک مہینے میں ہو جاتا۔انہوںنے نوجوانوں کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ جب نیشنل کانفرنس کیساتھ اس کی اتحادی حکومت اقتدار سنبھالے گی تو کانگریس ایک لاکھ ملازمتیں فراہم کرے گی۔

کھرگے نے وزیر اعظم سے ریلوے اور سڑکوں کے نیٹ ورک کی تعمیر کا کریڈٹ لینے پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ بی جے پی کے اپنے دور میں امن، خوشحالی اور ترقی کے دعوے سب سے بڑا جھوٹ ہے۔کھرگے نے کہاکہ کانگریس کے تحت ریلوے اور ہائی وے پروجیکٹس پر کام شروع ہوا۔ انہیں (بی جے پی قائدین) کو بتانا چاہئے کہ انہوں نے (جموں و کشمیر میں) کون سے نئے کام کئے ہیں۔انہوں نے بی جے پی دعوئوں پر سوال اٹھایااور کہاکہ انہیں بتانا چاہیے کہ دوسری جگہوں پر دہشت گردی کی کارروائیاں کیوں ہو رہی ہیں (پہلے پرامن قرار دیا گیا تھا)۔کھرگے نے حال ہی میں جاری کردہ اپنے منشور میں8 نکاتی وعدوں کا اعادہ کرتے ہوئے کہا “ہمارا پہلا ایجنڈا ریاست کی بحالی ہے، اس بات کو یقینی بنانے کے بعد، دیگر معاملات بعد میں سامنے آسکتے ہیں‘‘۔انتخابات کے بارے میں، کھرگے نے کہا، “انتخابات کا پہلا مرحلہ اچھا رہا، ہمیں امید ہے کہ این سی اور کانگریس کو زیادہ سے زیادہ سیٹیں ملیں گی،آنے والے مراحل میں بھی این سی اور کانگریس اتحاد اچھی سیٹیں حاصل کرے گا اور ایک ایسی حکومت بنائے گا جو لوگوں کے تمام طبقات کے لیے کام کرے،ہمیں اس الیکشن میں اکثریت کی امید ہے‘‘۔کھرگے نے کہا ” کانگریس اور این سی اتحاد بی جے پی کو سیاست سے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے، مل کر کام کرنے اور آر ایس ایس کو اس کے اثر سے دور رکھنے اور ریاست کی حفاظت کے لیے بنایا گیا ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا”ہم اس مشن پر کام کر رہے ہیں” ۔کھرگے نے کہا’’مودی اور امت شاہ کانگریس کے پاکستانی ایجنڈے کے بارے میں جو کچھ کہہ رہے ہیں وہ غلط ہے۔ ہم بریانی کھانے نہیں گئے،ہم نے اسے گلے نہیں لگایا، انہوں نے اسے گلے لگایا اور اب ہم پر الزام لگاتے ہیں، “۔کانگریس صدر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی حب الوطنی کی بات کرتے ہیں، لیکن یہاں موزوں جملہ ہے ‘ہمارے ساتھ پیار اور پاکستان کے ساتھ شادی’۔

Share This Article