غزہ//غزہ شہر کے جنوب مشرق میں ایک اسکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم پانچ فلسطینی شہری جاں بحق ہوئے۔ یہ اطلاع فلسطینی اور اسرائیلی ذرائع نے دی ہے۔فلسطینی سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے الزیتون محلے میں واقع شہدا الزیتون سکول پر حملہ کیا۔طبی ذرائع نے بتایا کہ فضائی حملے میں بچوں اور خواتین سمیت پانچ فلسطینی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے جنہیں بعد میں ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس کی فضائیہ نے غزہ شہر میں ’کمانڈ اینڈ کنٹرول کمپلیکس‘میں کام کرنے والے ایک گروپ پر درست اور انٹیلی جنس حملہ کیا جو پہلے شہدا الزیتون سکول کے طور پر استعمال ہوتا تھا۔اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کے کارندوں نے اس کمپانڈ کو اسرائیل کے خلاف منصوبہ بندی اور کارروائیوں کیلئے استعمال کیا۔