یو این آئی
نئی دہلی//ملک میں کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) پر مبنی خوردہ افراط زر مسلسل دوسرے مہینے چار فیصد سے نیچے رہا۔سازگار تقابلی بنیاد کی بدولت اگست 2024 میں سالانہ بنیادوں پر کم ہوکر 3.65 فیصد پر آگئی، لیکن ماہ بہ ماہ کی بنیاد پر اس میں معمولی اضافہ ہوا۔اگست 2023 میں خوردہ مہنگائی 6.83 فیصد تھی۔ پانچ سال میں یہ مسلسل دوسرا مہینہ ہے جب خوردہ مہنگائی ریزرو بینک کے ہدف چار فیصد کے نیچے رہی ہے ۔ ریزرو بینک آف انڈیا کی مانیٹری پالیسی کا مقصد افراط زر کو 4 فیصد کے 2 فیصد نیچے یا اوپرکے دائرے میں رکھنا ہے ۔جولائی 2024 کے مقابلے اگست میں خوردہ افراط زر میں معمولی اضافہ ہوا ہے ، جب کہ گزشتہ ماہ یہ 3.54 فیصد تھی۔جمعرات کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اگست میں کنزیومر پرائس انڈیکس پر مبنی خوراک کی افراط زر5.66 فیصد رہی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 9.94 فیصد پر اونچی تھی۔ شہری مہنگائی اگست 2024 میں گر کر 3.14 فیصد رہ گئی جو ایک سال قبل اسی مہینے میں 6.59 فیصد تھی۔ اسی طرح دیہی مہنگائی بھی زیر جائزہ ماہ میں کم ہو کر 4.16 فیصد رہی۔ جب کہ گزشتہ سال اس مہینے میں یہ 7.02 فیصد تھی۔اگست میں ٹماٹر کی قیمتیں سالانہ بنیادوں پر 47.91فیصد نیچے رہیں۔ اسی مہینے میں سبزیوں کی خوردہ قیمتیں سالانہ بنیادوں پر 10.71 فیصد زیادہ تھیں۔ شہری علاقوں میں یہ اضافہ 13.22 فیصد رہا۔