یو این آئی
ماسکو// روسی فضائی دفاعی دستوں نے ماسکو اور برنسک علاقے میں بڑے پیمانے پر حملے کی کوشش کرنے والے 73 یوکرین ڈرون کو مار گرایا۔برنسک کے گورنر الیگزینڈر بوگوماز نے منگل کے روز اپنے ٹیلیگرام چینل پر کہا، “روسی وزارت دفاع کی فضائی دفاعی افواج نے برنسک کے علاقے میں یوکرین کے 59 ڈرونز کو تباہ کر کے بڑے پیمانے پر حملے کو پسپا کر دیا ہے ۔”انہوں نے کہا کہ جائے وقوعہ پر کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ ہنگامی خدمات موقع پر راحت اور بچاو کاموں میں مصروف ہیں۔اس سے قبل ماسکو کے علاقے میں 14 ڈرونز کو مار گرایا گیا تھا۔ ماسکو ریجن کے گورنر آندرے ووروبیوف نے کہا کہ روسی فضائی دفاع نے پیر کی رات پوڈولسک، رامینسکوئے ، لیوبرٹسی، ڈوموڈیڈوو اور کولومنا کے شہری اضلاع میں 14 ڈرونز کو مار گرایا۔ انہوں نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ مجموعی طور پر فضائی دفاع نے پوڈولسک، رامینسکوئے ، لیوبرٹسی، ڈوموڈیڈوو اور کولومنا کے شہری اضلاع میں 14 ڈرونز کو مار گرایا۔ڈرون حملے کے بعد ماسکو کے تین بڑے ہوائی اڈوں پر پروازوں میں تاخیر ہوئی اور دو پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا۔ یہ اطلاع طاس نیوز ایجنسی نے دی۔وونوکوا ہوائی اڈے کے آن لائن روانگی بورڈ کی اطلاعات کے مطابق 30 جانے والی اور 11 آنے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور ایئرپورٹ پر دو پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔متاثرہ پروازوں میں دبئی، ابوظہبی، آستانہ، یریوان، استنبول اور دیگر ممالک کی پروازیں شامل ہیں۔ گروزنی سے ماسکو اور ماسکو سے ابوظہبی کی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔شیرمیتیوو اور ڈوموڈیدووہوائی اڈوں پر آنے اور جانے والی دونوں پروازوں میں تاخیر کی اطلاع ملی ہیں۔آج صبح ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے کہا کہ روسی فضائی دفاعی فورسز نے شہر کی طرف پرواز کرنے والے سات ڈرونز کو مار گرایا۔
یوکرینی صدر کی اطالوی وزیراعظم سے ملاقات، مزید فوجی امداد کی اپیل
روم/عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک/یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اٹلی کی وزیراعظم جیورجیا میلینونی سے ملاقات کی،جس میں صدر زیلینسکی نے اپنے اتحادی ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ روس کے خلاف یوکرین کی جنگ میں زیادہ سے زیادہ ہتھیاروں کی فراہمی میں یوکرین کی مدد کریں۔ دونوں رہنماو?ں نے شمالی اٹلی کے شہر سیرنوبیو میں ملاقات کی جہاں یورپی ممالک کے اجلاس کے موقع پر یہ دنوں رہنما بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اطالوی وزیراعظم نے کہا کہ اٹلی یوکرین کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ انہوںنے زور دیا کہ اٹلی کی جانب سے فراہم کردہ ہتھیار صرف یوکرین کی سرزمین پر ہی استعمال ہونے چاہییں۔ادھرروس کی جانب سے دونیتسک کے علاقے میمریک پر روسی کنٹرول کا اعلان کردیا گیا ہے ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت دفاع نے یوکرین میں روس مسلح افواج کی کاروائیوں کے بارے میں معلومات فراہم کی ہیں۔روسی وزارت دفاع کے بیان کے مطابق مرکزی عسکری گروپ یونٹوں کی فعال کاروائی کے نتیجے میں دونیتسک عوامی جمہوریہ کے علاقے میمریک کے رہائشی علاقوں کا قبضہ حاصل کرلیا گیا ہے ، جبکہ روسی فوج فرنٹ پر پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے ۔روس فضائی دفاعی سسٹموں نے یوکرین کے 45 ڈرونز بھی تباہ کر دئیے ہیں، جبکہ حالیہ 24 گھنٹوں میں 148 ایسے مقامات پر حملے کئے گئے ہیں جہاں یوکرینی فوجیوں نے فوجی آلات نصب اور مورچے بنا رکھے تھے ۔روسی وزارت دفاع کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فوجی آپریشن کے آغاز سے اب تک یوکرین مسلح افواج کے 642 طیارے ، 17 ہزار 969 ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں، 1447 ملٹی بیرل راکٹ لانچر، 283 ہیلی کاپٹر، 31 ہزار 166 ڈرون، 579 فضائی دفاعی سسٹم، 14 ہزار358 ہوٹزر اور مارٹر توپیں اور 25 ہزار 825 اسپیشل فوجی گاڑیوں کو تباہ کردیا گیا ہے ۔دوسری جانب سابق صدر دیمتری میدویدیف نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک بیان کے پس منظر میں کہا ہے کہ جب تک امریکا ٹوٹ نہیں جاتا، روس پر امریکی پابندیاں برقرار رہیں گی۔