عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //جموں کشمیر کے تجربہ کار کرکٹر عابد نبی کو اربن رائزرز حیدرآباد فرنچائز نے آئندہ لیجنڈز لیگ کرکٹ (LLC) کے لیے سائن کیا ہے۔ایل ایل سی کا تیسرا ایڈیشن، جس میں بھارت اور باقی دنیا کے سرکردہ سابق کرکٹرز شامل ہیں، 20 ستمبر کو شروع ہو رہا ہے۔ کچھ دن پہلے، ایل ایل سی کی نیلامی کھلاڑیوں کو چننے کے لیے منعقد کی گئی تھی، تاہم، کچھ جگہوں کو بھرنے کے لیے ابھی باقی ہے۔چنانچہ اس عمل کے ایک حصے کے طور پر، عابد، سرینگر کے فاسٹ بالنگ آل رائونڈر، لیجنڈز لیگ کے لیے منتخب ہونے والے جموں و کشمیر کے پہلے کرکٹر بن گئے۔ وہ سریش رائنا کی قیادت والی حیدرآباد ٹیم کا حصہ ہوں گے۔2000 کی دہائی کے اوائل میں عابد پہلی بار انڈیا انڈر 19 کے لیے کھیلنے کا موقع دیا۔ وہ انڈین کرکٹ لیگ (ICL) کا بھی حصہ تھے اور اعلی سطح کی کرکٹ میں کامیابی کا مزہ چکھنے والے پہلے جموں کشمیر کے کرکٹر ہونے کی شہرت رکھتے تھے۔عابد دلچسپ بات یہ ہے کہ اب بھی ہندوستان میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں 100 وکٹیں حاصل کرنے والے تیز ترین کھلاڑی ہیں۔ اگرچہ وہ آخری بار 2017 میں جموں و کشمیر کے لیے کھیلے تھے، لیکن وہ مقامی کرکٹ میں مسلسل حصہ لے رہے ہیں۔چونکہ ایل ایل سی کا آخری مرحلہ سری نگر میں کھیلا جائے گا، اس لیے عابد نبی کی شمولیت سے شائقین کو کچھ اور خوشی ملے گی۔